پی بی 36 قلات میں ری پولنگ کے انتظامات مکمل، 8 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، الیکشن کمیشن

قلات (انتخاب نیوز) پی بی 36 قلات کے 7 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ 10 مارچ کو منعقد ہو رہی ہے ، جس کےلئے الیکشن کمیشن نے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ پولنگ کے لیے کل 8 ہزار 838 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 5 ہزار 517 مرد جبکہ 3 ہزار 321 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ اس سلسلے میں ایک مردانہ پولنگ اسٹیشن، ایک خواتین پولنگ اسٹیشن جبکہ 5 مشترکہ پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ تاہم 24 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جن میں 17 مرد اور 7 خواتین کے پولنگ بوتھ شامل ہیں۔ اس ری پول میں 36 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر صیال نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ آفیسر، مانیٹرنگ ٹیم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ری پول کا آزادانہ، منصفانہ اور پرامن ماحول میں انعقاد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدار اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ری پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے