جامعہ گوادر آر سی ڈی کونسل کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کیلئے معاونت فراہم کرے گی، پرو وائس چانسلر
گوادر (بیورو رپورٹ) آر سی ڈی کونسل گوادر کے ایک وفد نے جنرل سیکرٹری آر سی ڈی کونسل گوادر بہرام بلوچ کی سربراہی میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد بلوچ سے ملاقات کی۔ وفد میں کونسل کے نائب صدر مجید عبداللّہ، عبداللّہ عثمان اور وہاب بلوچ شامل تھے، ملاقات کا بنیادی مقصد کونسل کے تاریخی اور انتظامی ریکارڈ کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹلائزڈ کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرنا تھا۔ وفد نے پرو وائس چانسلر کو آگاہ کیا کہ کونسل کے ریکارڈ کو محفوظ بنانے اور اسے عوامی رسائی کے لیے آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹل سسٹم ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں وفد نے گوادر یونیورسٹی سے تعاون کی درخواست کی۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے وفد کی تجویز کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ کونسل گوادر کی تاریخ کا قدیم اور اہم ادارہ ہے، جو ہمہ وقت سماجی شعبے میں نمایاں کارکردگی کا حامل رہا ہے، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ آر سی ڈی کونسل کے تمام ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے اپنا بھرپور تکنیکی تعاون فراہم کرے گی۔ اس موقع پر طے پایا کہ یونیورسٹی کے ماہرین اور آئی ٹی ٹیم آر سی ڈی کونسل کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے معاونت فراہم کرے گی تاکہ علمی و ادبی اثاثہ محفوظ رہ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں عنقریب کام آغاز کیا جائے گا۔ ملاقات کے اختتام پر آر سی ڈی سی کے عہدیداران نے پرو وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کونسل کے علمی و انتظامی معاملات میں گہری دلچسپی لی اور تعاون کا یقین دلایا۔


