پسنی میں ڈینگی وائرس پھیلنے لگا، 9 کیسز رپورٹ، اسپرے مہم شروع نہ ہونے سے صورتحال سنگین ہونے کا امکان
پسنی (نامہ نگار) پسنی شہر میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اچانک اضافہ، پاک عمان اسپتال پسنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 9 کیسز رپورٹ ہوئے، جن کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق اسپتال کے لیب ٹیکنیشن نے کی ہے۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ مریضوں کی اکثریت پسنی شہر کے وارڈ نمبر 5 اور وارڈ نمبر 3 سے تعلق رکھتی ہے، جہاں حالیہ دنوں میں بخار، جسم درد اور دیگر علامات میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے اور بارشوں یا گندے پانی کے جمع ہونے سے پھیلتا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں فوری طور پر اسپرے مہم شروع کیا جائے اور متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر صفائی کے اقدامات کیے جائیں تاکہ ڈینگی وائرس کے مزید پھیلاﺅ کو روکا جاسکے۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ڈینگی وائرس مزید علاقوں تک پھیل سکتا ہے، جس سے صورتحال سنگین ہونے کا امکان ہے۔


