پی پی ایچ آئی کچھی میں بھرتیوں پرمیرٹ کی خلاف ورزی کیخلاف احتجاجی ریلی، تحقیقات کا مطالبہ

بولان (یو این اے) پی پی ایچ آئی کچھی میں حالیہ بھرتیوں کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں، میرٹ کی پامالی اور کامیاب امیدواروں کی فہرستیں جاری نہ کرنے کے خلاف بے روزگار نوجوانوں اور سیاسی و سماجی حلقوں کا غم و غصہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ اس سلسلے میں شاہی چوک ڈھاڈر سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی۔ ریلی میں نیشنل پارٹی ڈھاڈر کے صدر محمد سلطان بلوچ، ڈاکٹر منظور بلوچ، جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر رئیس عبدالحق رضی اور دیگر رہنماں سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے پی پی ایچ آئی کچھی کے ڈی ایس ایم اور سلیکشن کمیٹی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ اور انٹرویو کو 40 روز گزرنے کے باوجود تاحال میرٹ لسٹیں آویزاں نہیں کی گئیں، جبکہ بند کمروں میں من پسند افراد کو آرڈرز جاری کر دیے گئے ہیں۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ اور انٹرویو ایک ہی دن کرنا اور نتائج کو خفیہ رکھنا شفافیت پر سوالیہ نشان ہے، جو حقدار امیدواروں کی حق تلفی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان متنازعہ بھرتیوں کو فوری منسوخ کر کے صاف شفاف تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے صوبائی دفتر کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں