منگلہ سے گزشتہ روز مبینہ اغوا ہونے والے سردار ظفر بازئی اپنے گھر پہنچ گئے، لواحقین
کوئٹہ(یو این اے )گزشتہ دنوں منگلہ کے علاقے سے مبینہ اغوا ہونے والے سردار ظفر بازئی کو آج بحفاظت رہا کروا لیا گیا ہے اور وہ اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ یاد رہے کہ سردار ظفر بازئی معروف سماجی کارکن نذیر بازئی، سردار نسیم بازئی اور گزشتہ سال دہشت گردی و دشمنی کا نشانہ بن کرجاں بحق ہونے والے سردار سلام بازئی اورسردار نافع بازئی کے بھائی ہیں، جنہیں نامعلوم مسلح افراد نے ان کے آبائی علاقے کلی منگلہ سے مبینہ اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔ اس واقعے کے خلاف بازئی قوم، سیاسی و سماجی حلقوں رہنماوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔خاندانی و انتظامی ذرائع کے مطابق، سردار ظفر بازئی کے مبینہ اغوا کے خلاف 16 مئی کو کوئٹہ میں شدید عوامی دباو، احتجاج اور دھرنوں کے بعد ضلعی انتظامیہ کوئٹہ اور صوبائی حکومت کے اعلی عہدیداروں نے مظاہرین اور بازئی قبیلے کے معتبرین سے کامیاب مذاکرات کیے تھے، جس میں حکومت کی جانب سے مغوی کی جلد اور باحفاظت بازیابی کی پختہ یقین دہانی کرائی گئی تھی۔


