وارڈ میں چوہوں کے گھومنے کی وڈیو کو سول اسپتال کوئٹہ سے منسوب کرنے والے افراد کیخلاف سائبر کرائم سے رجوع کیا جائے گا، انتظامیہ
کوئٹہ ( آئی این پی ) سول ہسپتال کوئٹہ انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کی سختی سے تردید کردی ہے جسے سول ہسپتال کوئٹہ سے منسوب کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ ویڈیو میں ایک ہسپتال کے وارڈ میں مریض کے بیڈ کے قریب آکسیجن اور وینٹیلیشن سسٹم پر چوہوں کو گھومتے دیکھا جا سکتا ہے۔سول ہسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ ویڈیو کسی طور بھی سول ہسپتال کوئٹہ کی نہیں بلکہ ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے منفی پروپیگنڈے کے تحت پھیلائی جارہی ہے۔ اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والی ٹائلیں بلوچستان کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں استعمال نہیں ہوتیں جبکہ ویڈیو میں دکھائے گئے چوہوں کی نسل بھی بلوچستان خصوصا کوئٹہ کے ماحول میں پائی نہیں جاتی۔ ماہرین نے بھی اس امر کی نشاندہی کی ہے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والے چوہے عموما گرم اور مرطوب علاقوں میں پائے جاتے ہیں جبکہ کوئٹہ کا موسم اور جغرافیائی ماحول اس سے یکسر مختلف ہے۔انتظامیہ نے مزید موقف اختیار کیا کہ ویڈیو بظاہر ایک پرانی ریکارڈنگ معلوم ہوتی ہے کیونکہ اس میں مریض کو کمبل اوڑھے دیکھا جا سکتا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ سرد موسم میں کسی اور مقام پر بنائی گئی ویڈیو ہے۔ اسپتال حکام کے مطابق اسے دانستہ طور پر سول ہسپتال کوئٹہ سے جوڑ کر محکمہ صحت کی کارکردگی کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر ہادی کاکڑ نے کہا ہے کہ معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ ویڈیو پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ڈاکٹر ہادی کاکڑ کا کہنا تھا کہ جعلی اور گمراہ کن مواد کے ذریعے ادارے کی ساکھ متاثر کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


