پیرس میں فٹبال میچ جیتنے کے بعد فتح کا جشن منانے کے دوران پرتشدد مظاہرے، 400 سے زائد افراد گرفتار، متعدد پولیس اہلکار زخمی

پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فٹ بال کلب ٹیم پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کی چیمپئنز لیگ ٹورنامنٹ کا فائنل جیتنے کے بعد فتح کا جشن منانے کے دوران پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے، جس کے نتیجے میں پولیس نے 400 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ متعدد پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق ہفتے کو چیمپئنز لیگ فائنل کے موقع پر ملک بھر میں 22 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے جن میں سے 8 ہزار اہلکار صرف پیرس میں موجود تھے۔ گزشتہ برس بھی پی ایس جی کی کامیابی کے بعد ہونے والے ہنگاموں کے پیشِ نظر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 416 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے 283 گرفتاریاں پیرس میں ہوئیں۔ حکام نے فوری طور پر یہ واضح نہیں کیا کہ ان میں سے کتنے افراد کو مزید تفتیش کے لیے باقاعدہ حراست میں رکھا گیا ہے۔ وزیر داخلہ لوراں نونیز نے بتایا کہ جھڑپوں کے دوران سات پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور انہوں نے ایسے واقعے کو قطعی طور پر ناقابل قبول قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں