محرم الحرام میں امن و امان کیلئے اداروں کی کارکردگی قابل تعریف، کیسکو بجلی کی مسلسل فراہمی میں ناکام رہا، مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان

کوئٹہ (سٹی رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ یکم محرم الحرام سے دسویں محرم تک کوئٹہ میں امن و امان کے قیام، عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی اور مجموعی انتظامات کے حوالے سے جہاں ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریسکیو کی کارکردگی انتہائی تسلی بخش اور قابل تعریف رہی، وہاں دوسری جانب کیسکو (واپڈا) کی جانب سے بجلی کی مسلسل غیر اعلانیہ بندش اور وولٹیج میں شدید خرابی نے ان تمام بہترین انتظامات کے مجموعی تاثر کو متاثر کیا اور عزاداروں کو مجالس اور جلوسوں کے روٹس میں تاریکی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ بات انہوں نے یومِ عاشور کے موقع پر مرکزی جلوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں نے دسویں محرم تک دن رات محنت کر کے اپنے فرائض احسن انداز میں سرانجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ ساتویں، نویں اور دسویں محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران بھی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات انتہائی شاندار اور لائق تحسین رہے، جنہوں نے بہترین نظم و ضبط اور امن و امان کو یقینی بنایا تاہم افسوس کہ کیسکو انتظامیہ اس قومی و مذہبی موقع پر اپنی ذمہ داریاں مو¿ثر انداز میں ادا کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز یومِ عاشور کے موقع پر بجلی کے وولٹیج میں اچانک شدید کمی بیشی کے باعث ہزارہ ٹاﺅن کے ایک نجی ہوٹل میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہولناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں پورا ہوٹل جل کر خاکستر ہوگیا۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی مہینے کے اندر شارٹ سرکٹ کے باعث شہر میں آتشزدگی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ کاشف حیدری نے کہا کہ عاشورا کے مرکزی جلوس کے پرامن اختتام کے بعد بھی آج پورا دن بجلی کی بندش برقرار رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں اچھے کام پر اداروں کی تعریف ضروری ہے، وہاں اس سنگین غفلت کی ذمہ داری بھی متعلقہ حکام پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے وولٹیج کے نظام کو فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے کسی بڑے حادثے سے بچا جاسکے۔ قبل ازیں کاشف حیدری نے یوم عاشور کے موقع پر ہزارہ ٹاﺅن سے نکلنے والے مرکزی جلوس کے راستوں پر تاریکی کے مناظر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیے اور کہا کہ شب عاشور سے لے کر پورے جلوس کے دوران متعدد مقامات پر لائٹس بند رہیں، جس کی وجہ سے عزاداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں