سوراب میں گیس بحران برقرار، 20 روز گزرنے کے باوجود ایل پی جی پلانٹ کو سپلائی نہ مل سکی، شہری شدید پریشان
سوراب (انتخاب نیوز) سوراب میں گیس کی فراہمی کا بحران 20 روز گزرنے کے باوجود ختم نہ ہوسکا، ایل پی جی پلانٹ کے لیے گیس کی مطلوبہ سپلائی نہ پہنچنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔شہریوں کے مطابق گیس کی عدم دستیابی نے گھریلو صارفین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اور کھانا پکانے سمیت روزمرہ کے امور متاثر ہورہے ہیں گیس کی قلت کے باعث شہری متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے ان کے اضافی اخراجات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ گیس کی مسلسل عدم دستیابی خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سوراب ایل پی جی پلانٹ کو فوری طور پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مسئلے کے مستقل حل کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے جائیں۔ دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سوراب گیس پلانٹ تک ایل پی جی پہنچانے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جا رہا ہے انتظامیہ کے مطابق ترسیل میں درپیش رکاوٹ دور کرنے اور پلانٹ کو ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


