اساتذہ کی غیر حاضری کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کی جائے گی، ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز قلات ڈویژن

خضدار(بیورورپورٹ)خضدار،ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز قلات ڈویژن عبدالغفور دشتی نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول گنگو فیروزآباد ہائی سکول مل خیر محمدمڈل سکول کنج، گرلز مڈل سکول کھیازئی اور بوائز پرائمری سکول کھیازئی کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نجم الدین بھی ان کے ہمراہ تھے اپنے دورے کے دوران انہوں نے بالخصوص اساتذہ کرام کی حاضری، پابندیٔ وقت اور تدریسی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا جائزہ لیا اور حاضری رجسٹر چیک کیا ۔اور واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی بروقت اور باقاعدہ حاضری تعلیمی معیار کی بہتری کی بنیادی شرط ہے۔ کسی بھی استاد کی بلاجواز غیر حاضری نہ صرف محکمہ تعلیم کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے طلباء کے قیمتی تعلیمی وقت کا ضیاع ہوتا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اساتذہ کی غیر حاضری کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کی جائے گی غیر حاضر اساتذہ کے خلاف محکمانہ قواعد کے مطابق انتہائی سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام اساتذہ اپنی حاضری یقینی بناتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانت داری، لگن اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔گورنمنٹ بوائز ہائی سکول گنگو کے دورے کے موقع پر ہیڈ ماسٹر مفتی ہدایت اللہ زہری نے سکول کے جملہ مسائل پر انہیں بریفنگ دی علاوہ ازیں انہوں نے سکول اسٹاف سے ملاقات کرکے ان کے مسائل بھی دریافت کئے مختلف سکولوں کے دورے کے دوران ڈویژنل ڈائریکٹر سکول نے طلباء و طالبات سے مختلف نصابی اور غیر نصابی موضوعات پر سوالات بھی کیے اور ان کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا۔ اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ محض نصاب مکمل کرنے تک محدود نہ رہیں بلکہ طلباء میں تنقیدی سوچ، تحقیق، عملی مہارت اور علم کے حقیقی شعور کو فروغ دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم قومی و ملکی ترقی کی بنیاد ہے، حصولِ علم کے بغیر کوئی قوم ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتی۔ اساتذہ معاشرے کے معمار ہیں، ان کی ذمہ داری صرف کتابیں پڑھانا نہیں بلکہ نئی نسل کی کردار سازی، فکری تربیت اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنا بھی ہے۔ اساتذہ اپنے طلباء کو علم کی روشنی سے منور کریں اور انہیں ملک و قوم کے لیے مفید اور ذمہ دار شہری بنائیں۔انہوں نے نقل کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے کہا کہ نقل ایک تعلیمی ناسور ہے۔ طلباء خالی خولی ڈگریاں حاصل کرنے کے بجائے علم کو سمجھنے، اسے عملی زندگی میں بروئے کار لانے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے پر توجہ دیں۔ حقیقی کامیابی صرف سند حاصل کرنے میں نہیں بلکہ علم، کردار اور عملی قابلیت میں ہے۔ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ مزید محنت، مستقل مزاجی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ تدریسی عمل کو بہتر بنائیں اور ایسے شاندار نتائج دیں جن سے نہ صرف ان کے اداروں بلکہ پورے ضلع اور ڈویژن کا نام روشن ہو۔ انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ طلباء کو بورڈ کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی اور پوزیشنز کے حصول کے لیے بھرپور تیاری کروائیں تعلیمی اداروں کی حقیقی کامیابی صرف عمارتوں، حاضری رجسٹروں یا اعداد و شمار سے نہیں بلکہ اساتذہ کی باقاعدہ حاضری، معیاری تدریس، طلباء کی کردار سازی اور شاندار تعلیمی نتائج سے جانچی جاتی ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے محکمہ تعلیم کی جانب سے تعلیمی اداروں کی نگرانی اور معائنہ کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں