مصر میں ماں نے بچی فیس بک پر50ہزار پاونڈ میں فروخت کے لیے پیش کر دی
قاہرہ:مصر میں ایک خاتون نے اپنی چھ ماہ کی شیر خوار بچی کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر فروخت کے لیے پیش کرتے ہوئے 50 ہزار مصری پاؤنڈ اس کی قیمت مقررکردی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ خاتون اپنی بچی کو آن لائن فروخت کرنے میں اور ایک گاہک کے ساتھ ڈیل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی مگر پولیس کو خبر ہونے کے بعد خاتون کو پکڑ لیا گیا۔ گرفتار خاتون کو پراسیکیوٹر کی عدالت میں پیش کرنے کے بعد اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ خاتون نے اعتراف کیا کہ اس کے شوہر کے ساتھ اختلافات چل رہے تھے اور اس کے پاس آمدن کا کوئی ذریعہ بھی نہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی بچی کو سوشل میڈیا کے ذریعے فروخت کرنے پرمجبور ہوئی۔ اس نے کہا کہ اسے بچی کا ایک خریدار مل گیا تھا اور اس کے ساتھ رقم بھی طے ہوگئی تھی اور بچی کی حوالگی کی جگہ کا تعین بھی کر لیا گیا تھا۔قلیوبیہ میں پولیس کا کہنا تھاکہ خاتون اور اس کا شوہر دونوں بچی کو فروخت کرنے کے لیے متفق تھے۔ خاتون نے شوہر کی رضا مندی کے بعد ہی فیس بک پر بچی برائے فروخت کا اشتہار شائع کیا تھا۔شبرا الخیمہ کے پراسیکیوٹر نے خاتون اور اس کے شوہر دونوں سے تفتیش کا حکم دیا ہے۔


