ضمنی انتخابات میں ”دھند“: ایسے حربے 73سال سے چل رہے ہیں، سراج الحق

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ضمنی انتخابات میں ”دھند“کی وجہ سے نتائج موخر ہونے جیسے حربے گزشتہ 73 سال سے ملک میں استعمال ہورہے ہیں۔ الیکشن ریفارمز نہ ہوئیں تو عام نتخابات میں زیادہ ”دھند“ پڑ سکتی ہے۔ موجودہ حکمرانوں میں نہ صلاحیت ہے نہ صالحیت۔ سیاسی سموگ کی وجہ سے قوم کے روگ دن بدن بڑھ رہے ہیں۔ مغرب کے ایجنٹ قوم پر مسلط ہیں۔ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے پڑھا لکھا نوجوان، کسان، مزدور سمیت ہرطبقہ فکر کے لوگ خوار ہو گئے۔ ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ ملک کا مستقبل گندگی کے ڈھیروں میں روٹی کے ٹکڑے تلاش کرتا پھر رہاہے۔ ملک پر 37 برس جرنیلوں نے حکومت کی اور باقی کے سال ان کے اشاروں پر حکومتیں بنتی اور ٹوٹتی رہیں۔ قوم کو سارے حقائق کا علم ہے اور اب وہ اس تماشا سے تنگ آچکے ہیں۔ قوم کو حقیقی تبدیلی چاہیے۔ جماعت اسلامی ملک کا مستقبل ہے۔ وہ وقت جلد آنے والا ہے جب انتخابات میں پیسے کی بجائے کریکٹر کو دیکھا جائے گا۔قوم کو یقین دلاتاہوں کہ ملک کے مسائل کا حل اسلامی انقلاب میں ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جاری کارکنان کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں