سفید ریش اور خواتین کیساتھ ہاتھا پائی کی تمام ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے، عثمان کاکڑ

کوئٹہ:پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر وسینیٹر عثمان خان کاکڑ نے پی ڈی ایم رہنماؤں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سفید ریش اور خواتین ارکان پارلیمنٹ پر حملے کا ذمہ دار سلیکٹڈ وزیراعظم ہے،مخالفین کے خلاف پرتشدد رویہ اپنانے کے مستقبل میں سنگین نتائج برآمدہونگے،عمران خان کو اس بدترین اور افسوسناک عمل پر تاریخ کو جوابدہ ہوناپڑے گا،ممبران پر حملہ پورے پارلیمنٹ پر حملے کے مترادف ہے،وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون جس میں کسی کو آنے کی اجازت نہیں لیکن پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ماردھاڑ،ہنگامہ آرائی کی بھی اجازت ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ڈی ایم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر رد عمل دیتے ہوئے کیاعثمان خان کاکڑ نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم ونااہل حکومت کے حواریوں کی جانب سے مسلم لیگ(ن) کے مرکزی قائدین سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،احسن اقبال،مصدق ملک اور مریم اورنگزیب پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں یہ عمل غیرجمہوری انتہائی غیر اخلاقی ہے،یہ ممبران پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ پر حملہ ہے جس آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتی ہے،انہوں نے کہاکہ آج پارلیمنٹ میں ہی ممبران کو نہیں چھوڑا جارہاتھا جو انتہائی غیر جمہوری عمل ہے،پارلیمنٹ لارجز میں میڈیا کو پریس کانفرنس کی کوریج کی اجازت نہ دینا میڈیا کی آزادی کے خلاف ہے،ریڈ زون میں کسی کو آنے کی اجازت نہیں لیکن دوسری جانب پی ٹی آئی کے کارکنوں کو وہاں پر مارداڑ،ہنگامہ آرائی کی بھی اجازت ہے،سلیکٹڈ حکمرانوں کی جانب سے اب توملک میں جمہوریت، پارلیمنٹ کی بالادستی،آئین اور قانون اور اداروں کو اپنے حدود میں رہ کر کام کرنے کی بات کرنے والوں کے ساتھ اس طرح کا رویہ اپنایاجائے گایا پھر کسی کوجیل اور نیب کے ذریعے ہراساں اور نارواپروپیگنڈہ کئے جائیں گے یہاں تک کہ ان پر غداری کے الزامات بھی لگائے جائیں گے اور اگر کوئی بچ جائیں تو پھر ان کو ذاتی حیثیت میں نشانہ بناتے ہیں آج انتہائی افسوسناک واقعہ رونما ہوا،ملک کی 22کروڑ عوام کو چاہیے کہ وہ اس کی مذمت کرے،سلیکٹڈ وزیراعظم غیر جمہوری قوتوں کی ایما پر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیاہے اس ناروا رویہ کی روک تھام کی ضرورت ہے آنے والے وقتوں میں ہر شخص اپنے مخالف کے ساتھ پرتشدد رویہ اختیار کرے گا جس کے انتہائی سنگین نتائج برآمدہونگے پرتشدد رویہ اختیار کرنا کسی کو قابل قبول نہیں،سفید ریش افراد کے ساتھ اس طرح کے ساتھ رویہ افسوسناک اور انتہائی بدترین عمل ہے جس کی تمام تر ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے اور عمران خان کو تاریخ کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں