جیکب آباد، محکمہ صحت کی غفلت، خسرہ وبا پھیلنے سے دو بچے فوت
جیکب آ باد:جیکب آباد میں محکمہ صحت کی غفلت، خسرہ کی وبا پھیل گئی دو معصوم بچے فوت، ایک درجن سے زائد خسرہ میں مبتلا، بچوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں، 94بچوں کی ٹیسٹ کی گئی جن میں سے 52بچوں کے خسرہ میں مبتلا ہونے کی رپورٹ آئی ہے:ڈی ایچ او۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں محکمہ صحت کی غفلت کی وجہ سے خسرہ کی وبا خطرناک صورتحال اختیار کرگئی ہے، جیکب آباد کے قصبہ عبداللہ برڑو میں 3سالہ ضمیر احمد اور 4سالہ کبریٰ فوت ہو گئی جبکہ علاقہ میں ایک درجن سے زائد بچے خسرہ میں مبتلا ہو گئے ہیں علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کو شکایات کرنے کے باوجود ڈی ایچ او کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں جس سے وباء کے مزید پھیلنے کاخدشہ ہے مبتلا بچوں کی حالت بھی نازک بتائی جارہی ہے اور ان کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں، اس سلسلے میں ڈی ایچ او جیکب آباد عبدالغفاررند سے رابطہ کیا گیا تو انکا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے میں ٹیم بھیجی ہے مختلف علاقوں میں خسرہ کے کیس ہوئے ہیں 94بچوں کی ٹیسٹ کی گئی جن میں سے 52بچوں کے خسرہ میں مبتلا ہونے کی رپورٹ آئی ہے جن کا علاج کیا جا رہا ہے، دوسری جانب جیکب آباد میں خسرہ کی وباء کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے خوف پھیل گیا ہے۔


