بائیڈن حکومت کا کورونا ویکسی نیشن میں ٹرمپ کی مدد حاصل کرنے کا عندیہ
واشنگٹن:بائیڈن حکومت نے ویکسینی نیشن سے گریز کرنے والوں کو قائل کرنے کے لیے صدر ٹرمپ کی مدد کا خیر مقدم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاوس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی حکومت نے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے ویکسی نیشن سے گریز کرنے والے طبقات کو قائل کرنے کے لیے باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا ہے۔اس سلسلے میں خصوصی طور پر کورونا کی ویکسینیشن سے گریز کرنے والے ری پبلکنز سے رابطے بڑھانے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔وائٹ ہاوس کے مطابق عوام میں کورونا ویکسی نیشن کیلئے آمادگی بڑھانے کے لیے مذہبی پیشواوں، روایت پسند طبقات اور ریپبلکن پارٹی کے نمایاں رہنماوں سے رابطے شروع کردیے ہیں۔وائٹ ہاوس کی پریس سیکریٹری جین ساکی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں حکومت سابق صدر ٹرمپ کے تعاون کا بھی خیر مقدم کرے گا۔واضح رہے کہ امریکا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے تاہم وائرس سے بچاو کی ویکسین متعارف ہونے کے بعد بھی وہاں دائیں بازو اور ریپبلکن پارٹی کے حامی حلقوں، ایشیائی اور ہسپانوی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے وبا سے بچاو کی ویکسین لگوانے سے ہچکچا رہے ہیں۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت نے ویکسی نیشن کے لیے عوامی سطح پر آمادگی بڑھانے کے لیے ایک ارب سے ڈالر سے زائد کی اشتہاری اور ترغیبی مہم کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔


