22کروڑ مسلمانوں کیلئے خوش قسمتی کی بات ہے کہ وہ پاکستان جیسے ملک میں آزاد فضا میں جی رہے ہیں، محمد خان لہڑی

کوئٹہ:صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت حاجی محمد خان لہڑی نے 23 مارچ کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی عملی سیاسی قیادت اور برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کی اس تحریک کی یاد دلاتا ہے جس کے ذریعے 23 مارچ 1940 کو لاہور میں قرارداد پاکستان پیش کرکے یہ تہیہ کیا گیا کہ مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست قائم کرنے تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے اور اخر کار مسلمانوں کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے قائدانہ کردار،شاعر مشرق علامہ اقبال کے فلسفیانہ افکار اور ہمارے آباؤاجداد کی گراں قدر قربانیوں کی بدولت دنیا کے نقشے پر پاکستان نمودار ہوااور اس طرح مسلمان بحثیت قوم انگریزوں کی جبرواستبداد اور کانگریس کے متعصبانہ رویے سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔صوبائی مشیر نے کہا کہ 22 کروڑ مسلمانوں کیلئے خوش قسمتی کی بات ہے کہ آج ہم ایک آزاد اور جمہوری فضاء میں جی رہے ہیں اور ان کو آئین کے مطابق مذہبی،سیاسی،معاشرتی،ثقافتی اور معاشی آزادی حاصل ہے۔حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ ہم پاکستانیوں نے بحثیت قوم ہر وقت ہر آزمائش میں اتحاد و اتقاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکلات کا مقابلہ کیا ہے، چاہے وہ پھر دہشت گردی سے نمٹنے کا معاملہ ہو یا معاشی بحرانوں اور قدرتی آفات کا یا پھر آج کے کورونا وائرس سے پیش انے والے چیلنجز کاہماری قوم نے ہمہ وقت ایک پیج پرایک ہی چھت کے نیچے اکٹھی ہو کر ہر مشکل کا جوانمردی سے سامنا کیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں