پاکستان کے کسی ملک کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں،آرمی چیف

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہے، ہم امن بقائے باہمی پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے روس کے وزیرخارجہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابقآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران ملاقات دفاعی و سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے،علاقائی سکیورٹی صورتحال بالخصوص افغان امن عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔روسی وزیرخارجہ نے پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں اور علاقائی امن واستحکام کے لئے کردار کو سراہا جس میں خاص طور پر افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششیں شامل ہیں۔انہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ پاک روس تعلقات مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں اور مختلف صورتوں میں ان تعلقات میں بہتری کا عمل جاری رہے گا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ فوجی تعاون کو بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے۔پاکستان ان تمام اقدامات کاخیر مقدم کرتا ہے جن کے ذریعے افغانستان کیساتھ ساتھ پورے خطے میں امن واستحکام قائم ہوسکتا ہے اور پورے خطے کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔آرمی چیف نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہمارے کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں اور خود مختار مساوات و امن بقائے باہمی کی بنیاد پر تعاون پر مبنی علاقائی فریم ورک کے لئے پاکستان کام جاری رکھے گا۔ قبل ازیں روسی وزیر خارجہ جو پاکستان کے دورے پر ہیں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم عمران خان سے بھی ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کیں ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کومزید فروغ دینے سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں