آٹا اور چینی بحران، ذمے داروں کے خلاف فورنزک رپورٹ آنے کے بعد ایکشن لوں گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آٹا اور چینی کے بحرانوں کے ذمے داروں کے خلاف 25 اپریل کو فورنزک رپورٹ آنے کے بعد ایکشن لوں گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اعلیٰ اختیاراتی کمیشن کی فورنزک رپورٹ کا انتظار ہے، رپورٹ آنے کے بعد کوئی طاقتور لابی عوام کے پیسے سے فائدہ نہیں اٹھا سکے گی۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ وعدے کے مطابق چینی اور گندم کی قیمت اچانک بڑھنے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی۔انہوں نے کہا کہ چینی اور گندم کی قیمت اچانک بڑھنے کی تحقیقاتی رپورٹ میں ٹیمپرنگ نہیں کی گئی، رپورٹ کا اجراء پاکستان کی تاریخ میں مثال ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ماضی کی سیاسی قیادت میں ایسی رپورٹس جاری کرنے کی ہمت نہیں تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے کی طرف سے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں وزیرِ اعظم عمران خان کو پیش کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ چینی کے بحران کا سب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ فائدہ اٹھانے والوں میں دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی رہے، جبکہ حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں کا پیسے بنانے میں تیسرا نمبر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں