تحریک لبیک کے اثاثے منجمد کرنے کی کارروائی کا آغاز
اسلام آباد:حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد تنظیم کے اثاثے منجمد کرنے کی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق تحریک لبیک کے مرکزی عہدیداروں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کیے جا رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ٹی ایل پی کے اثاثے منجمد کیے جانیکی کارروائی انسداد دہشتگردی ایکٹ1997کے تحت کی جا رہی ہے، کارروائی انسداد دہشتگردی ایکٹ کی شق 11 ای ای کے تحت کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اثاثے منجمد کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک اور صوبائی محکمہ ریوینیو کردار ادا کریں گے، اس کے علاوہ کالعدم جماعت کے عہدیداروں،کارکنوں کو جاری اسلحہ لائسنسز بھی منسوخ کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق ٹی ایل پی کے مرکزی عہدیدار زمینوں کی خرید و فروخت نا ہی بینک اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے۔ ٹی ایل پی کے اثاثوں کی تفصیلات کے لیے وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں کو ہدایات دے دی ہیں۔


