کورونا، نماز تراویح گھروں میں ادا کرنے کی تجویز
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے محکمہ اوقاف نے کرونا وائرس کے پیش نظر ماہ رمضان میں نمازِ تراویح گھروں میں ادا کرنے کی تجویز دی ہے۔مذہبی امور کے محکمہ اوقاف نے محکمہ داخلہ پنجاب کو ایک خط رسال کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیشِ نظر شبِ برآت اور ماہ رمضان کے دوران نماز تراویح مساجد کی بجائے گھروں میں ادا کی جائے۔محکمہ اوقاف پنجاب کے سیکریٹری اور مُنتظم اعلیٰ ڈاکٹر ارشاد احمد کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر ماہ رمضان میں نمازِتراویح اور شبِ برات میں عبادات مساجد کے بجائے گھروں میں کی جائیں۔خط کے مطابق تمام مساجد میں پانچ فرض نمازوں اور نماز تراویح کی جماعت تین سے پانچ افراد، امام مسجد اور عملہ ادا کریں۔خط لکھنے سے قبل 12 مختلف مکتبہ فکر کے علما سے مشاورت کی گئی جب کہ متفقہ فیصلے سے محکمہ داخلہ پنجاب کو آگاہ کیا گیا۔خیال رہے کہ رمضان رواں ماہ 25 اپریل تک سے شروع ہونے کے امکانات ہیں۔