بلوچستان میں صوبائی حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو چکی ہے،مولانا عبدالواسع

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صوبائی حکومت ہر شعبے میں ناکام ہوچکی ہے، ترقیاتی فنڈز میں اپوزیشن حلقوں کو مسلسل نظر انداز کرکے سلیکٹڈ وزیراعلیٰ اور ان کی کابینہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائے، عید کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے خلاف بھر پور احتجاجی تحریک چلائیں گے، بلوچستان کی موجودہ پسماندگی کے ذمہ دار جام کمال اور ان کے اتحادی ہیں، ہر سال اربوں روپے صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے لیپس ہو کر وفاق کے پاس چلے جاتے ہیں اگر یہی اربوں روپے اپوزیشن حلقوں میں خرچ ہوتے تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلات میں صوبائی جنرل سیکرٹری سید آغا محمود شاہ کے چچا کے وفات پر تعزیت کے بعد مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں برسراقتدار حکمران ٹویٹ کا سہارا لے کر ترقی و خوشحالی کی راہ میں خود رکاوٹ بن رہے ہیں اور صوبے میں گزشتہ 3سالوں کے دوران کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع ہوسکا ہے اور نہ ہی عوام کو کوئی ریلیف فراہم کی گئی ہے۔وفاق نے سلیکٹڈ حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے عوام کومزید 70سال پیچھے دھکیل دیا اور حکمران خوش ہے کہ وفاق ہمارے ساتھ تعاون کررہی ہے، کوئٹہ ژوب اور کوئٹہ کراچی قومی شاہراہیں دو رویہ نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز ٹریفک حادثات رونما ہوتے ہیں مگر ہمارے سلیکٹڈ وزیراعلیٰ صرف وفاق کو خود لکھ کر اپنے آپ کر بری الزمہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، صوبے کے پسماندگی کے ذمہ دار یہی حکمران ہیں جنہوں نے ترقی کے نام پر صوبے کو پسماندہ رکھا ہے۔ صوبے میں حکومتی اراکین کے ساتھ ساتھ اپوزیشن اراکین بھی ہیں مگر گزشتہ 3سالوں کے دوران اپوزیشن حلقوں کومسلسل نظر انداز کیا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن ممبران کو عوام کے منتخب کردہہے جبکہ حکومتی اراکین سلیکٹڈ ہے اور جس دن سے صوبے پر مسلط ہوئے ہیں اس دن سے یہ عوام پر عذاب سے کم نہیں۔ صوبائی حکومت کی نااہلی اور اپوزیشن حلقوں میں مداخلت کے خلاف جمعیت علماء اسلام عید کے بعد بھر پور احتجاجی تحریک شروع کرے گی اور عید کے بعد موجودہ سلیکٹڈ حکومت نہیں رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں