وائرس پر قابوپانے کیلئے انتظامیہ کو متحرک و فعال کیا جائے، علی مدد جتک
کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ تشویش ناک ہے حکومت کی ابتر حکمت عملی اور غیر سنجیدیگی کی وجہ سے کورونا وائرس کے کیس بڑھ رہے ہیں جبکہ ایس او پیز پر عملدآمد نہ ہونے کی ذمہ دار بھی حکومت ہے بند کمروں میں اجلاسوں کی بجائے ملک بھر میں انتظامیہ کو متحرک و فعال بنا یا جائے تو وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوروناوائرس کی احتیاطی تدابیر پر عملدآمد نہ کرکے عوام کو موقع دیا کہ وہ بھی احتیاط نہ برتیں یہی وجہ ہے کہ آج بلوچستان سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیس بڑھ رہے ہیں اور حکومت ان بڑھتے ہوئے کیسز کی روک تھام میں کہیں نظر نہیں آرہی انہوں نے کہا کہ تاجروں سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لئے بغیر دو دن کا لاک ڈاؤن کردیا گیا جسے پر حکومت خود ہی عملدآمد کرنے میں ناکام ہے تاجروں سمیت ہر طبقہ پوچھ رہا ہے کہ کیا ہفتے اور اتوار کو کورونا وائرس لوگوں کو متاثر نہیں کرتا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سمیت دیگر حکومتی شخصیات میں سے کسی نے بھی وائرس سے بچاؤ کی تدابیر پر عمل نہیں کیا وزیراعظم خود کورونا وائرس میں متاثر ہونے کے باوجود ترجمانوں کے اجلاس کر رہے تھے اسی سے ظاہر ہے کہ حکومت کتنی غیر سنجیدہ ہے انہوں نے کہا کہ این سی او سی کا فوج کے ذریعے ایس او پیز پرعملدآمد کروانے کا فیصلہ غیر منطقی ہے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس سمیت انتظامیہ کے مکمل ڈھانچے کے ہونے کے باوجود بھی فوج سے ایس او پیز پر عملدآمد کروانے کا حکومتی فیصلہ اس با ت کی دلیل ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے او راس کے پاس اپنے فیصلوں پر عملدآمدکروانے کی استعداد نہیں ہے انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کورونا وائرس کی ایس او پیز پرعملدآمد کروانے کے لئے تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لیا جائے اور حکومتی مشنری، انتظامیہ کو فعال و متحر ک بنا کر کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدآمد کروایا جائے بصورت دیگر صورت انتہائی خراب ہوسکتی ہے


