پاکستانی فورسز نے افغان فورسز کی امریکہ ساختہ گاڑی کو قبضہ میں لے لیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز)ضلع قلعہ عبد اللہ میں پاکستانی سرحدی فورسز نے افغان فوج کی ایک امریکی ساختہ ’ہم وی‘ گاڑی کو تحویل میں لے لیا ہے۔اطلاعات کے مطابق افغان سکیورٹی فورسز کی امریکی ساختہ ہموی گاڑی کو پیر کے دن پاکستان اور افغان سکیورٹی فورسز میں سرحد پر ایک جھڑپ کے دوران تحویل میں لیا گیا۔ایک سینیئر حکومتی اہلکار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گاڑی پاکستانی حدود میں داخل ہوئی تھی جس پر اس کو تحویل میں لیا گیا۔ دوسری جانب بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو کے مطابق کوئی افغان فوجی اہلکار پاکستانی فورسز کی تحویل میں نہیں ہے۔بلوچستان حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ پیر کے روز پاکستانی فورسز سرحد پر حسب معمول باڑ لگانے کے عمل میں مصروف تھیں کہ وہاں افغان فورسز نے موقع پر پہنچ کر سرحد پر باڑ لگانے کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔افغان حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے کلی لقمان میں باڑ لگانے کی کوشش کی تھی، جس پر دونوں فریقوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ افغان حکام کے مطابق اس دوران افغان سکیورٹی فورسز کی ایک امریکی ساختہ ہم وی گاڑی اس جھڑپ میں تباہ ہوئی ہے جو ابھی تک اسی مقام پر موجود ہیں۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو کے مطابق بعدازاں دونوں ممالک کے اعلیٰ عسکری حکام کے درمیان سرحد پر اجلاس ہوا جس میں پاکستانی حکام کی جانب سے افغان حکام کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستانی فورسز پاکستان کی حدود میں باڑ لگا رہی ہے اور اس پر افغان فورسز کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔انھوں نے افغان حکام کو بتایا گیا کہ آئندہ اگر کوئی مسئلہ ہو تو کشیدگی پیدا کرنے کی بجائے اس کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے۔ پاکستانی حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ اس حوالے سے ضروری قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد ہموی گاڑی کو افغان فورسز کے حوالے کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں