امریکی فوج کی موجودگی مشرق وسطی میں عدم تحفظ کی وجہ سے ہے، اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ

تہران:ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکی اور دیگر غیر ملکی فوجی قوتوں کی موجودگی مشرق وسطی میں عدم تحفظ کی وجہ ہے۔سرکاری ٹی وی کے مطابق بدھ کے روز ایران کی سپریم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایک ورچوئل سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ امریکہ کی قیادت میں غیرملکی فوجی قوتوں کی موجودگی نے خطے اور اس سے وابستہ معاشی مواقع کو ختم کر دیا ہے۔ایران کے اعلی عہدیدار نے خطے میں امریکہ کی فوجی موجودگی کے نتیجے میں خاص طور پر خلیج کے شمالی اور جنوبی ساحلوں میں پیدا ہونیوالی دوریوں کی طرف اشارہ کیا۔قالیباف نے خطے کے ممالک میں خود اعتمادی، اتحاد اور غیر ملکی افواج کو خطے سے باہر نکالنے کیلئے ضروری عناصر کے طور پر ایک مزاحمتی طاقت کی موجودگی کی طرف بھی اشارہ کیا۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی افواج کے انخلا کے علاوہ مشرق وسطی کے ممالک کے مابین مثبت نقطہ نظر پر مبنی سلامتی، دفاعی، معاشی، سیاسی، ثقافتی، اور معاشرتی ڈھانچے میں زیادہ سے زیادہ شراکت کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تعاون کی بھی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں