پشتون اور بلوچ کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والوں نے اقتدار میں آکر اپنے مفادات حاصل کئے، لالا یوسف خلجی

کوئٹہ:بلوچستان امن جرگہ کے سربراہ لالا یوسف خان خلجی نے کہا ہے کہ پشتون،بلوچ اور اسلام کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والوں نے عوام کی خدمت کی بجائے اقتدار میں آکراپنے مفادات حاصل کئے،کورونا وائرس اللہ کی طرف سے ایک عذاب ہے ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانک کر اپنے گناہوں کی اللہ سے معافی مانگنی چاہئے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان ملک کا پسماندہ ترین صوبہ ہے جس کے ذمہ دار یہاں سے پشتون،بلوچ اور اسلام کے نام پر ووٹ حاصل کرکے اقتدار میں آنے والے ہیں جنہوں نے عوام کی خدمت کی بجائے صرف اور صرف اپنے ذاتی مفادات حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت صوبے کے نوجوانوں کو تعلیم سے دور رکھا گیا کوئٹہ میں پہلے صفائی کرسچن لوگ کرتے تھے اب ہمارے پشتون اور بلوچ نوجوان منہ ڈھانپ کر صفائی کرتے ہیں جو ہمارے لئے کسی لمحہ فکریہ سے کم نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو بھی چاہئے کہ وہ ایسے نمائندوں کا احتساب ضرور کریں جنہوں نے عوام کی خدمت کی بجائے صرف اورصرف اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہم پر بھیجا گیا عذاب ہے پشتون،بلوچ نوابوں،سرداروں اورقبائلی عمائدین سمیت ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانکنے کی ضرورت ہے کہ ہم نے عوام کو کیا دیا ہے اور ہمیں اللہ تعالی سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں