حکومت بلوچستان کیسکو واجبات کی ادائیگی کر کے زرعی اراضی کو درپیش مسائل حل کر سکتی ہے، زمرک اچکزئی

کوئٹہ: صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی کی زیر صدارت صوبے میں زرعی ٹیوب ویلز پر میٹرز کی تنصیب، زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقلی،اوور بلنگ اور زمینداروں کو درپیش مشکلات سے متعلق اہم اجلاس یہاں بدھ کے روز منعقدہوا۔ اجلاس میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے صدر اور رکن صوبائی اسمبلی ملک نصیر احمد شاہوانی،سیکرٹری زراعث قمبر دشتی، سیکرٹری خزانہ پسند خان بلیدی، ڈی جی انرجی نصرت بلوچ، کیسکو کے اعلی حکام سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں آزمائشی بنیادوں پر زرعی ٹیوب ویلز پر جدید میٹر تنصیب کرنے کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ کیسکو حکام جلد موزوں اضلاع اور فیڈرز کا سروے مکمل کر کے تجویز پیش کریگا جن کی روشنی میں زرعی ٹیوب ویلز پر آزمائشی بنیادوں پر میٹر نسب کئے جائیں گے اور غیر قانونی ٹیوب ویلز کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں زمیندار ایکشن کمیٹی نے کیسکو حکام کواس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دیانی کی۔ زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیر شاہوانی نے کیسکو حکام کو زمینداروں کے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ زمینداروں کو آٹھ گھنٹے کی بجائے فقدچھ گھنٹے بجلی سپلائی کی جارہی ہے جبکہ صوبے میں اوور بلنگ کا زیادہ حصہ زمینداروں پر ڈال لوڈ شیڈنگ کیا جارہا ہے جس سے زمیندار شدید متاثر ہورہے ہیں، اجلاس میں کیسکو حکام نے حکومت بلوچستان کے ذمہ واجب ادا واجبات کی فراہمی پر زور دیا جس پر کیسکو حکام کو واجبات کی بروقت ادائیگی کی مکمل یقین دیانی کرائی۔ اجلاس میں زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی کے منصوبے پر جلد عملدرآمد پر زور دیا گیا اور اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاق سے مطالبہ کیا جائے گا کہ آنے والے بجٹ میں بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی پر زیادہ سے زیادہ بجٹ مختص کریں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ زمینداروں کو درپیش مشکلات سے صوبائی حکومت بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، انہوں نے کہا زرعی ٹیوب ویلز کو سبسڈی کی فراہمی، لوڈ شیڈنگ میں کمی اور دیگر مسائل کے حل کے لئے وزیر اعظم سے رجوع کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی ہی سے صوبے کی معیشت کو مضبوط کیا بنایا جاسکتا ہے اور اس شعبہ کو قطعا نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے ہدایت کی کہ کیسکو حکام بجلی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں