قوم کو بھکاری بنانے والا غدار ہے، مریم نواز
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ دھونس دھاندلی کے ذریعے میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرنے والا غدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو متنازع بنانے والے کو غدار کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بھکاری بنانے والے کو غدار کہتے ہیں۔
شیخوپورہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت پر کڑی نکتہ چینی کی اور کہا کہ تم مذہبی جماعتوں کو نوازشریف کے خلاف استعمال کرتے ہو۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے خلاف فیض آباد دھرنے والوں کے ساتھ مل کر نعرے لگائے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے صرف بیانیہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے مخالفین اور دشمنوں نے بھی ان کا بیانیہ استعمال کیا۔
مریم نوز نے کہا کہ نالائق حکومت کی وجہ سے عوام پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے لیکن اس رات کی صبح نوازشریف کی صورت میں جلد طلوع ہونے والی ہے۔مریم نوازنے کہا کہ غداری غداری کا کھیل بہت سالوں سے سنتے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر قانون، آئین اور حق کی بات کرنیوالا غدار ہے تو پھر پورا پاکستان غدار ہے۔
مسلم لیگ ن کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غداری کا لقب جاوید لطیف کو نہیں شیخوپورہ کے عوام کو دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے شیر اور پاکستان کے بیٹے جاوید لطیف نے خطرہ مول لے کر حق کی بات کی۔
نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ غداری کا پہلا لقب انہوں نے محترمہ فاطمہ جناح کو بھی دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ غداری کا لقب نواز شریف اور مریم نواز کے حصے میں بھی آیا۔
مریم نواز نے کہا کہ حق کو حق کہنا اور سچ کو سچ کہنا، آئین کی سربلندی کی بات کرنا غداری ہے تو بار بار کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ گرفتاری کے خدشے کے باوجود آپ حق اور سچ کی بات کریں تو اس سے بڑی بہادی کوئی نہیں ہوسکتی۔لیگی نائب صدر نے کہا کہ ڈسکہ میں عوام نے نواز شریف کے بیانیے کو لبیک کہہ کر ووٹ کو عزت دی۔


