عمران خان کی حکومت میں ہونے والی کرپشن ملکی معیشت کی تباہی کی اصل وجہ ہے، بلاول بھٹو
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کی حکومت میں ہونے والی بدترین کرپشن کو ملکی معیشت کی تباہی کی اصل وجہ قرار دے دیا،انہوں نے کہا کہ جس ملک کا حکمران کرپٹ ہو، وہاں کی معیشت کبھی مستحکم نہیں ہوسکتی ،عوام کو مہنگائی کے حوالے کرکے پی ٹی آئی کی اشرافیہ کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھورہی ہے، معاشی تباہی کے ذمہ دار عمران خان وزیروں اور مشیروں کو قربانی کا بکرا بنا کر اپنی نااہلی اور کرپشن پر پردہ نہیں ڈال سکتے، گیس اور بجلی کی مد میں اربوں روپے کا ٹیکس بھی کیا پی ٹی آئی کی وزرا کی کرپشن کی نذر ہوچکا ہے؟ وزیراعظم صاحب! ملکی خزانے کے مالک پاکستان کے عوام ہیں، آپ کو ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا، ٹیکس بڑھا کر ٹیکس ٹارگٹ پورا کرنے کا ڈرامہ کرنے والی پی ٹی آئی کی حکومت دونوں ہاتھوں سے ملک لوٹ رہی ہے،انہوں نے کہا کہ پہلے عمران خان ٹیکس زیادہ کرکے عوام کو لوٹتے ہیں اور پھر عوام کے ان پیسوں سے بننے والے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ہوتی ہے،ٹیکسوں کے نام پر عوام سے اربوں روپے وصول کرنے والی حکومت کی دیانت داری عوام کی نظروں میں مزید مشکوک ہوچکی ہے،عالمی ادارے ملک میں کرپشن میں اضافے کے انکشافات کرکے عمران خان کی خودساختہ ایمان داری کی دھجیاں اڑاچکے ہیں،عمران خان اتنے نااہل ہیں کہ پی ٹی آئی کی صفوں میں بھی اب اپنے اعتماد کو کھوچکے ہیں،
صرف اقتدار کو حاصل کرنے کے لئے جھوٹے دعوے کرنے والا شخص ملک و قوم سے مخلص نہیں ہوسکتا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری


