اقوام متحدہ اور امریکا کا بھی اسرائیل حماس جنگ بندی کا خیر مقدم

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور امریکی صدر نے بھی غزہ اسرائیل جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جنگ بندی کے لیے مصر اور قطرکی کوششیں قابل تعریف ہیں، تمام فریقین سیز فائر پر عملدرآمد کرائیں جب کہ عالمی برادری اقوام متحدہ سے مل کرفلسطین کی تعمیرنو، بحالی اور ترقی کے لیے آگےآئے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اورفلسطینی قیادت کی ذمے داری ہے کہ جنگ کے بنیادی اسباب پر غور کے لیے بات چیت کریں۔
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی حماس اسرائیل جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین دونوں کو امن سے رہنےکا حق حاصل ہے، یہ پیشرفت کرنے کا حقیقی موقع ہے، غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
فلسطینی وزارت صحت کےمطابق اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ میں اب تک 232 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 65 بچے بھی شامل ہیں جب کہ 1900 افراد زخمی ہیں اور 10 ہزار سے زائد بے گھر ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں