انصاف کی عدم فراہمی اور حکومتی رٹ نہ ہونے کے باعث آج لوگوں میں فساد برپا ہے، نواب ایاز جوگیزئی
دکی:پشتون قامی جرگے کے کنونیئر اور پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء نواب ایاز خان جوگیزئی نے ترین اور ناصر ہاؤس میں قبائلی جرگے اور مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو انصاف، امن وامان اور روزگار نہیں مل رہا ہے، عدالتوں سے انصاف نہ ملنے اور حکومتی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے آج لوگ آپس میں دست وگریبان ہیں جبکہ آج انصاف پیسوں کے بغیر نہیں ملتا اور غریب و مظلوم کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک معمولی کیس کو پندرہ سے بیس سال تک عدالتوں میں چلایا جاتا ہے۔ہم سب کو اب سچ بولنا چائیے ہم میں یہ جرات ہونا چائیے کہ مظلوم کو مظلوم اور ظالم کو ظالم کہہ سکیں، انہوں نے کہا کہ جہاں ریاست کی رٹ ختم ہوتی ہے وہاں جنگل کا قانون لاگو ہوجاتا ہے جسکی لاٹھی اسکی بھینس والے محاورے کے تحت لوگ کام کرنے لگ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی معافی عفودرگزر اور صبر کرنے کی تلقین کرتا ہے۔ہم سب کو چائیے کہ اپنے مسائل اسطرح کے لویہ جرگوں کے ذریعے حل کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پشتون اور بلوچ علاقوں میں مختلف قبائل خونی دشمنیوں میں مبتلا ہیں۔علما کرام قبائلی عمائدین سرداران ملکان اور نوابوں کو چائیے کہ مسائل کا حل مل بیٹھ کر حل کریں اور ہمیں اپنے آنے والے مستقبل اور بچوں کو پیسے وراثت میں نہیں چھوڑنے چائیے بلکہ ہمیں انہیں تعلیم دیکر امن اور اچھے دوست دینے چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر بسنے والے تمام قبائل کو چاہیے کہ وہ آپس میں بھائی چارے اور امن وآشتی کے ساتھ وقت گزاریں اور آپس کے مسائل مل بیٹھ کرحل کریں۔


