ویکسین لگوائیں،افواہوں پر کان نہ دھریں، مرتضیٰ وہاب
کراچی:ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ویکسین لگوائیں، افواہوں پر کان نہ دھریں، ہم سب نے کورونا ویکسین لگوائی ہے اور ہم سب الحمداللّہ ٹھیک ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہم نے مرحلہ وار کام کیا اور کراچی یونیورسٹی میں کورونا کی ویکسین میسر ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں 12 لاکھ افراد ویکسین لگوا چکے ہیں جس کے لیے سندھ حکومت کے محکمہ صحت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، محکمہ صحت مشکل حالات میں لوگوں کی خدمت کررہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سخت فیصلے عوام کی بہتری کے لیے کرنا پڑتے ہیں، ہمیں ماسک کا لازمی استعمال کرنا ہوگا۔اُن کا کہنا تھا کہ امریکا معمول کی زندگی پر آچکاہے جس کی بڑی وجہ ہےکہ 70 فیصد امریکی آبادی کی کورونا ویکسینیشن ہوچکی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ بھر میں ویکسینیشن کے ڈھائی سو مراکز قائم کیے ہیں، اساتذہ اور ملک کے مختلف علاقوں سے آئے طلبہ کو مفت کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ ویکسین کے خلاف پروپیگنڈے کو ختم کریں اور سوشل میڈیا پر غلط خبروں پر دھیان نہ دیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وبائی امراض کے ماہرین کہہ رہے ہیں کورونا ویکسین لگانا بہت ضروری ہے لہٰذا کوئی بھی ویکسین لگائیں لیکن ضرور لگائیں۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کے ناقدین کہتے ہیں کہ آپ نے بندش لگادیں، ہر حکومت چاہتی ہے کہ لوگوں کو سہولت دیں۔مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ کورونا ویکسین مفت لگائی جارہی ہے لہٰذا کوئی پیسہ نہ دے۔


