افغانستان، بارودی سرنگیں صاف کرنے والوں پر حملے، 10ہلاک

کابل:افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والے کارکنوں پر کیے گئے ایک بڑے حملے میں کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان ہلاکتوں کی کابل میں افغان وزارت داخلہ نے بدھ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں تصدیق کر دی۔ بیان کے مطابق اس واقعے میں صوبے کے بغلانِ مرکزی نامی ضلع میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والے کارکنوں کے ایک کیمپ پر رات گئے حملہ کیا گیا، جس میں دس افراد ہلاک اور چودہ زخمی ہو گئے۔ کسی مسلح گروپ نے اس کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ ملکی وزارت داخلہ نے اس کے لیے طالبان عسکریت پسندوں کو ذمے دار قرار دیا ہے مگر طالبان کے ترجمان نے ایک ٹویٹ میں اس حملے کی مذمت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں