جیکب آباد، مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان قتل

جیکب آباد: جیکب آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے نوجوان قتل، ورثا نے سندھ بلوچستان بائے پاس پر لاش رکھ کر دھرنادیدیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود جڑیا چوک پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان اصغر علی جکھرانی کو قتل کردیا اور موقع سے با آسانی فرار ہوگئے، اطلاع پر حدود کی پولیس نے پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیکر سول اسپتال منتقل کیا جہاں لاش ضروری کاروائی کے بعد ورثہ کے حوالے کی گئی، سول اسپتال میں موجود مقتول نوجوان کے والد محمد چٹا جکھرانی نے کہا کہ میرے بیٹے کو بے گناہ قتل کیا گیا ہے ملزمان کے متعلق معلوم ہے پولیس انہیں گرفتار کرے اور قاتلوں کو سخت سزا دی جائے، حدود کی پولیس کے مطابق واقعہ جکھرانی برادری کے دو فریقین میں جاری دیرینہ تنازعہ کا نتیجہ ہے، دوسری جانب مقتول کے ورثہ نے بائے پاس پر لاش رکھ کر دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، تاہم آخری اطلاعات تک مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں