کرونا وائرس سے متاثرہ 97 فیصد مریض صحت یاب ہوجاتے ہیں:ڈاکٹر ظفر مرزا

کوئٹہ:وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کررہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تفتان سرحد پر کرونا وائرس کی تدارک کے سلسلے میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی صحت نے کہا کہ تمام ہوائی اڈوں اور زمینی راستوں پر سکریننگ ہورہی ہے اور اس سلسلے میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ہیلپ لائن 1166 بھی قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ عوام احتیاط اور ذمہ داری کو اپنا شعار بنائیں اور وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈز اور رومز مختص کردیئے گئے ہیں۔ معاون خصوصی صحت نے کہا کہ کرونا وائرس سے متاثرہ 97 فیصد مریض صحت یاب ہوجاتے ہیں۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے صحت نے متعلقہ افسران کے ہمراہ پاک ایران سرحد تفتان کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک اور دوسرے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں