دنیا بھر کے کروڑوں مسیحیوں نے اہم مذہبی تہوارگڈ فرائیڈے گھروں میں منا یا

روم: کورونا لاک ڈاؤن کے باعث دنیابھر میں کروڑوں مسیحی مذہبی لوگوں نے اپنا اہم مذہبی تہوارگڈ فرائیڈے گھروں میں منا یا۔میڈیارپورٹس کے مطابق’گڈ فرائیڈے ہر سال موسم بہار میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ مسیحی کلینڈر کے مطابق یہ دن روزوں کے ایام کے آخری جمعہ پر یسوع مسیح کو مصلوب کیے جانے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔کورونا وائرس کے بحران کے باعث اس بار مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپائے روم فرانسس نے اس ہفتے ایسٹر سے متعلق تمام رسومات تنہائی میں ادا کیں، جسے ٹی وی اور انٹرنیٹ پر لائیو نشر کیا گیا۔عام طور پر ایسٹر کے موقع پر دنیا بھر سے عقیدت مند روم کا رخ کرتے ہیں، جہاں ویٹیکن میں پاپائے روم ایک بڑے اجتماع کے سامنے کیتھولک عقیدے کے مطابق رسومات ادا کرتے ہیں۔لیکن اس بار اٹلی میں کورونا کے بحران کے باعث، پاپائے روم سماجی دوری سے متعلق سخت احتیاطی ہدایات پر عمل پیرا ہے۔پوپ فرانسس کی عمر تراسی برس ہے اور ان کی سانس کا دارومدار دو کے بجائے ایک پھپھڑے پر ہے۔ ان کا دوسرا پھپھڑا نوجوانی میں انفیکشن کے باعث نکال دیا گیا تھا۔دنیا میں کورونا وائرس بڑی عمر کے لوگوں کے لیے خاص خطرہ ثابت ہوا ہے۔ اسی لیے حالیہ دنوں میں پوپ کو محفوظ رکھنے کے لیے ان کے دو بار ٹیسٹ کرائے گئے، جن کے نتائج منفی آئے۔دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد پندرہ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ اموات چورانوے ہزار سے زیادہ ہو گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں