کینیڈا میں ایک اور بورڈنگ اسکول سے 751 قبریں برآمد

اوٹاوہ: کینیڈا کے ایک صوبے کے اُس وقت کی حکومت اور پادریوں کے زیر انتظام چلنے والے ایک سابق بوڈنگ اسکول کی جگہ سے 751 نامعلوم قبریں برآمد ہوئی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے صوبے ساسکچیوان میں سابق بورڈنگ اسکول ’’ ماریول ریذیڈنشل اسکول‘‘ کی جگہ سے 751 ایسی قبریں برآمد ہوئی ہیں جن پر متوفی کا نام یا کوئی اور نشان موجود نہیں ہے۔

گزشتہ ماہ ہی ساسکیچیوان کی مقامی حکومت نے ماریول انڈین رہائشی اسکول کے میدان میں مشینری کے ذریعے کھدائی کا آغاز کیا تھا جس کے دوران 751 قبریں برآمد ہوئیں۔

یہ اسکول 1899 میں قائم کیا گیا تھا جو حکومت اور رومن کیتھولک چرچ کے زیر انتظام 1997 تک چلتا رہا۔ اس اسکول میں مقامی قدیم نسلی قوم کے بچوں کو جدید زبان اور ثقافت اپنانے پر مجبور کیا جاتا تھا۔

کینیڈا میں 19 ویں اور 20 ویں صدی کے دوران 130 ایسے لازمی اسکول قائم کیے گئے تھے جہاں مقامی قدیم قوم کے بچوں کو رکھا جاتا تھا اور زبردستی ان کی مادری زبان اور قدیم ثقافت کو ترک کرایا جاتا تھا۔

ان اسکولوں میں بچوں پر بے پناہ تشدد کیا جاتا اور والدین سے بھی ملنے نہیں دیا جاتا تھا۔ تشدد اور قید تنہائی کے باعث 6 ہزار سے زائد ہلاک ہوئے جن کی باقیات کا بھی کچھ پتہ نہیں۔

واضح رہے کہ ایک ماہ قبل بھی کینیڈا میں ہی برٹش کولمیبیا کے ایک سابق بورڈنگ اسکول سے اجتماعی قبر برآمد ہوئی تھی۔ یہ اسکول 1978 سے بند تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں