حکومت اور متحدہ اپوزیشن کے درمیان مذاکرات،آیف آئی آر واپس لینے کی حد تک پیش رفت
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)حکومت بلوچستان اور متحدہ اپوزیشن کے درمیان مذاکرات، آیف آئی آر واپس لینے کی حد تک پیش رفت، حکومتی کمیٹی کی اپوزیشن کے خلاف ایف آئی آر واپس لینے کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی یقین دہانی، مزید معاملات پر باقاعدہ مذاکرات ہوں گے۔ ہفتے کی شام کو حکومتی مذاکراتی کمیٹی صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، پارلیمانی سیکرٹریز نوابزادہ گہرام بگٹی، مبین خان خلجی، اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی قیادت میں بجلی گھر روڈ تھانے میں موجود متحدہ اپوزیشن سے مذاکرات کئے۔ مذاکرات کے اس چوتھے دور میں حکومت و اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت ہوئی صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ اپوزیشن اراکین کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لے رہے ہیں ایف آئی آر واپس لینے سے متعلق سمری وزیر اعلی ہاوس پہنچ چکی ہے، وزیر اعلی ابھی سمری پر دستخط کر دیں گے جس کے بعد نوٹیفکیشن جاری ہوگا اپوزیشن اراکین سے گزارش ہے کہ تھانے سے واپس چلیں،ضیاء لانگو نے کہا کہ چائے پیتے ہیں جب تک نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔ متحدہ اپوزیشن کے ارکان نے کہاکہ ہمار مطالبہ تھا کہ ایف آئی آر واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی تھانے سے چلے جائیں گے۔ قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے آن لائن سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مذاکرات میں ایف آئی آر واپس لینے تک پیشرفت ہوئی ہے اگر نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے تو ہم اٹھ کر چلے جائیں گے تاہم دیگر معاملات پر باقاعدہ مذاکرات ہوں گے۔ اپوزیشن ارکان پر حملہ کرکے زخمی کردیا گیا ہے۔


