سپریم کورٹ بار کاوفاقی حکومت سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف دائر ریفرنس واپس لینے کا مطالبہ
لاہور;پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر کردہ ریفرنس فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین عابد ساقی اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید قلب حسن کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر قانون نے عدلیہ کو تقسیم کرنے کیلئے بدنیتی پر مبنی جو ریفرنس تیار کیا تھا اس کے عوامل اور محرکات مکمل طور پر قوم پر آشکار ہو چکے ہیں۔ عدلیہ کو تقسیم کرنے میں ناکامی کے بعد اب وفاقی وزیر قانون وکلاء برادری کو تقسیم کرنے پر عمل پیرا ہے۔ سابق اٹارنی جنرل کے استعفیٰ، نئے اٹارنی جنرل کے ریفرنس میں حکومت کی نمائندگی کرنے سے انکاراس سازش کو بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہیں۔ پاکستان کی وکلاء برادری یہ مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر ریفرنس واپس لے۔