بلوچستان سمیت پورے ملک میں ہیپاٹائٹس ایک سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے، ربابہ بلیدی
کوئٹہ:صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی سنٹرل جیل سمیت صوبے بھر کی تمام جیلوں کے افسران اسٹاف اور قیدیوں کو ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کی ویکسین کا آغاز کردیا گیا ہے بدھ کے روز سنٹرل جیل کوئٹہ میں پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے صوبے کی جیلوں میں ہیپاٹائٹس ویکسین پروگرام کا افتتاح کیا اس موقع پر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات بلوچستان عثمان غنی صدیقی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر علی ناصر بگٹی، ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی صوبائی سربراہ ڈاکٹر گل سبین اعظم غوریزئی، وزیر اعظم ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی فوکل پرسن ڈاکٹر ہما قریشی بھی موجود تھیں، اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں ہیپاٹائٹس ایک سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے اور پاکستان کا شمار ہیپاٹائٹس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے جو ایک تشویشناک بات ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام صوبے میں انسداد یرقان کے لئے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے اس پروگرام کو بتدریج وسعت دی جاررہی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام گیارہ جیلوں میں ہیپاٹائٹس کے انسداد کے لئے آج سے ویکسین لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت بلوچستان کی تمام جیلوں کے افسران اور اسٹاف سمیت تمام قیدیوں بشمول خواتین اسٹاف و قیدیوں کے طبی ٹیسٹ اور ویکسینیشن شروع کردی گئی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی جیلوں میں معیاری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان کی تجاویز کی روشنی میں قابل عمل اقدامات کا آغاز کردیا جائے گا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپیکٹر جنرل جیل خانہ جات بلوچستان عثمان غنی صدیقی نے کہا کہ سی ایم بلوچستان ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی جانب سے سنٹرل جیل کوئٹہ سمیت صوبے کی گیارہ جیلوں میں انسداد یرقان ویکسینیشن کا عمل ایک حوصلہ افزاء اقدام ہے جس سے جیل خانہ جات کے افسران ملازمین اور تمام میل و فیمیل قیدی استفادہ کرسکیں گے انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت بلوچستان کے اشتراک سے صوبے کی جیلوں میں دستیاب طبی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر گل سبین اعظم غوریزئی نے کہا کہ بلوچستان کی جیلوں میں ہیپاٹائٹس کے تدارک کیلئے اسکریننگ، ویکسینیشن اور علاج معالجے کے لئے اقدمات کو تین ماہ کے مختصر عرصہ میں نتیجہ خیز بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ ایک طبی سروئے کے مطابق بلوچستان میں ہیپاٹائٹس کے حوالے سے نصیر آباد ریڈ زون میں ہے جبکہ لسبیلہ دوسرے نمبر پر ہے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام صوبے میں تشخیص یرقان اور علاج معالجے کے ساتھ ساتھ شعوری آگاہی پر بھی کام کررہا ہے تاکہ کمیونٹی کو اس جان لیوا مرض سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جاسکے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی ممتاز ماہر امراض جگر و وزیر اعظم ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی فوکل پرسن ڈاکٹر ہما قریشی نے کہا کہ پاکستان میں یرقان کی شرح تشویشناک حد تک گھمبیر ہے ایسے وقت میں ہمیں بلا تاخیر ٹھوس اور قابل عمل اقدامات اٹھانے ہونگے اور ہیپاٹائٹس کے تدارک کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا انہوں نے بلوچستان کی جیلوں میں ہیپاٹائٹس اسکریننگ اور ویکسینیشن کے عمل کو سراہتے ہوئے اسے انسداد یرقان کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی جانب ایک اور اہم پیش رفت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی بحیثیت ٹیم لیڈر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ و ماہر طب بلوچستان سے اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی سرپرستی کے تسلسل کو جاری رکھیں گی تقریب کے اختتام پر آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان عثمان غنی صدیقی نے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، ڈاکٹر ہما قریشی، ڈاکٹر علی ناصر بگٹی، ڈاکٹر گل سبین اعظم غوریزئی کو محکمہ جیل خانہ جات کی جانب سے شیلڈ پیش کیں، بعد ازاں پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے آئی جی جیل خانہ جات کے ہمراہ جیل ڈسپنسری، خواتین و بچوں کی بیرکوں کا معائنہ کیا اس موقع پر قیدی بچوں نے ہاتھ سے بنائی گئی پینٹنگز اور فن پارے پارلیمانی سیکرٹری صحت کو پیش کئے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بچوں کے ٹیلنٹ کو سراہتے ہوئے ان پینٹنگز اور فن پاروں کے ذریعے شعوری آگاہی کو ترویج دینے کا اعلان کیا،


