بلوچستان اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل صوبہ ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل صوبہ ہے. یہ صوبہ نہ صرف سینٹرل ایشیا تک راستہ فراہم کر سکتا ہے بلکہ یہاں ہمسایہ ممالک کے تجارتی منڈیوں تک رسائی کے بھی روشن امکانات ہیں. لہٰذا ضروری ہے کہ تمام سرمایہ کار یہاں پر موجود سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقعوں سے بھرپور استفادہ کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں جمعہ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا. ملاقات کے دوران ملک وصوبے کی مجموعی صورتحال، بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امکانات، پرائیویٹائزیشن اور خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں انٹرنیشنل اور نیشنل سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور موجودہ حکومت ان کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے. انہوں نے کہا کہ تمام معاشی و معاشرتی سرگرمیوں میں نوجوانوں کی شرکت و شمولیت کو پالیسی سازی کا لازمی حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے. ہمیں صوبے میں فنی وتیکنیکی اداروں کی فعالیت اور اپنی نئی نسل کو جدید مہارتیں سکھانے پر بھرپور توجہ مرکوز رکھنی ہوگی. دونوں رہنماؤں نے وفاق اور صوبوں کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم کرنے اور باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے مزید اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔


