فواد چودھری خود کہتے رہے ہیں سابق صدر آصف علی زرداری کے اوپر ایک روپے کی کرپشن نہیں ثابت ہوئی، شازیہ مری
کراچی:پاکستان پیپلپزراتی پارلیمنٹرنزکی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ فواد چودھری خود کہتے رہے ہیں کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے اوپر ایک روپے کی کرپشن نہیں ثابت ہوئی اور گیارہ برس پہلے اور حالیہ تقریبا دو برس بغیر کسی جرم ثابت ہونے کے باوجود قید کاٹنے والے زرداری صاحب آپ پر بھاری ہی رہیں گے۔ انہوں نے ان باتوں کا اظہارہفتہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا۔ شازیہ مری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ آصف علی زرداری صاحب صرف الزامات کی زد میں آئے ہیں جبکہ ان پر ثابت کچھ بھی نہیں ہوا۔ ایک اور ٹویٹر پیغام میں شازیہ مری نے نیپرا کی جانب سے بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیپرا کی جانب سے بجلی صارفین کیلئے فی یونٹ 2.97 روپیہ اضافے کی منظوری کے فیصلے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عوام کو بجلی ویسے ہی میسر نہیں اور نااہل حکومت کی جانب سے بجلی کے فی یونٹ میں مزید اضافہ قابل افسوس عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں طویل گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا حرام کردیا ہے اور نیازی کے نئے پاکستان میں بلوں میں اضافہ روز کا معمور بن چکاہے۔شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ اضافے کو مسترد کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ فی الفور اس عوام دشمن فیصلے کو واپس لیا جائے۔


