چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کا کردار کلیدی ہے، علاؤالدین مری

کوئٹہ: سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری نے کہا ہے کہ صنعت و تجارت کی ترقی کے لئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کا کردار کلیدی ہے اس کے عہدیداران اور ممبران صوبے میں قانونی کارروائی کے فروغ کے لئے روز اول سے ہی کوشاں ہیں، صنعت و تجارت جیسے شعبوں کی ترقی سے نہ صرف صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے ملک اور صوبے میں معاشی خوشحالی آئے گی۔ وہ گزشتہ روز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان میں چیمبر کے نائب صدر حاجی اختر کاکڑ و دیگر سے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پر حاجی اختر کاکڑ کا کہنا تھا کہ چیمبر آف کامرس صوبے کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات و مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں بلکہ ہم قانونی تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کا بھی خاتمہ چاہتے ہیں جس کے لئے ہم حکام بالا تک صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کی آواز پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صنعت و تجارت، زراعت اور گلہ بانی جیسے شعبوں کی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے اس کے لئے حکومت کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔ اس موقع پر سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری نے چیمبر آف کامرس کوئٹہ بلوچستان کے صنعت و تجارت کے لئے کردار کو اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ چیمبر کے عہدیداران اور ممبران صوبے میں قانونی تجارت کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں بلکہ ان کی کوششوں سے لوگ ٹیکس دہارے میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعت، زراعت، تجارت و دیگر پیداواری شعبہ جات کی ترقی سے صوبے میں بے روزگار کا خاتمہ ہوگا بلکہ اس سے پاکستان اور بلوچستان کی معاشی حالت میں بہتری آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں