بلوچستان ہائیکورٹ نے اردو میں نوٹسزکا اجراء شروع کردیا

کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) قومی زبان اردو کے نفاذ سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے بلوچستان ہائی کورٹ نے اردو زبان میں نوٹسز کے اجراء کا سلسلہ شروع کردیا ہے، اس سلسلے میں سینئر قانون دان سید نذیر آغا ایڈووکیٹ کی جانب سے آئینی درخواست بلوچستان ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی جس میں ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی تھی کہ سپریم کورٹ کے اردو کے نفاذ سے متعلق دیئے گئے احکامات پر عمل درآمد کے لئے صوبائی حکومت اور محکموں کو ہدایات جاری کی جائیں جس پر بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس کامران ملاخیل پر مشتمل بینچ نے 7جون کو فیصلہ صادر کیا اور حکم دیا کہ اردو کے نفاذ کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے بھی جواب عدالت میں پیش کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ تمام اداروں کو مراسلے لکھے گئے ہیں جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خط و کتابت اردو میں کرے جبکہ گزشتہ روز عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے نوٹسز کے اردو میں اجراء کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں