تین سال گزرنے کے بعد آج حکومت کو کشمیر کالونی کے مسائل یاد آگئے، روزی خان کاکڑ

کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے سرکاری مشینری کے ساتھ پولنگ اسٹیشن پراثرانداز ہونے کی کوشش پرقاسم خان سوری کو ہٹانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ تین سال گزرنے کے بعد آج سلیکٹڈ ڈپٹی اسپیکر کو کشمیر کالونی کے مسائل یاد آگئے،کیمپ میں لوگوں کو بلا کر نوکری ودیگر کالالچ دیاجارہاہے،پی ٹی آئی کے وفاقی وزرا کا پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجودگی تشویشناک ہے،سلیکٹڈ حکومت شکست کا خوف دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، سلیکٹیڈ حکومت گلگت کی طرح کشمیر الیکشن کو بھی دھاندلی زدہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ، پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،پیپلزپارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ نے گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسابق صوبائی صدر حاجی میر علی مدد جتک،پیپلزپارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ ودیگر بھی موجود تھے۔روزی خان کاکڑ نے کہاکہ حکمران کشمیر الیکشن پراثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں،گورنر ہاؤس میں کیمپ قائم ہے سلیکٹڈ نااہل اور اسٹے کے ذریعے مسلط ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے بھی کیمپ لگایاہے عوام کو لالچ دی جارہی ہے قاسم سوری کو آج خیال آیا ہے کہ کشمیر کالونی میں کشمیریوں بھائیوں کو مسائل درپیش ہے گیس نہیں ہے بجلی نہیں ہے نااہل وسلیکٹڈ ڈپٹی اسپیکر پولنگ اسٹیشن پر پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں انہوں نے کہاکہ پولنگ کے دن قائم الیکشن کیمپ میں اسٹے کے ذریعے مسلط ڈپٹی اسپیکر لوگوں کو لالچ دے رہے ہیں تمام میڈیا کے ساتھی اور الیکشن کمیشن کا عملہ بھی موجود ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان فوری طورپر سلیکٹڈ ونااہل ڈپٹی اسپیکر کو فارغ کریں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی انتہائی اہمیت کے حامل کشمیر کے الیکشن میں مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قاسم سوری نے حکومتی مشینری کے ہمراہ پی ٹی آئی امیدوار کے لئے ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی گئی، قاسم سوری نے ووٹرز کو ہراساں کرنے کی بھی کوشش کی، سرکاری مشینری کے ساتھ کوئٹہ کے پولنگ اسٹیشن پر قاسم سوری کی موجودگی اور اثرانداز ہونے کوشش الیکشن کمیشن کے اصولوں کی واضع خلاف ورزی ہے، صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور پی پی پی جیالوں کے شدید ردعمل نے سلیکٹڈ ڈپٹی اسپیکر کو موقع سے فرار ہونے پرمجبور کردیا۔سلیکٹیڈ حکومت گلگت کی طرح کشمیر الیکشن کو بھی دھاندلی زدہ کرنے کی کوشش کررہی ہے پی ٹی آئی کے وفاقی وزرا کا پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجودگی تشویشناک ہے،پی پی پی امیدواروں پر حکومتی غنڈوں کی فائرنگ اور پولنگ ایجنٹس کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں،سلیکٹڈ حکومت شکست کا خوف دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، کشمیر الیکشن میں دھاندلی پر الیکشن کمیشن کی خاموشی افسوسناک ہے، کشمیر میں دھاندلی کی کوشش کی گئی تو پیپلزپارٹی شدید ردعمل دکھائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں