اداکار فیصل قریشی کورونا کو شکست دینے میں کامیاب

اداکار اور میزبان فیصل قریشی بھی دو ہفتوں میں کورونا سے صحت یاب ہوگئے، وہ رواں ماہ 3 اگست کو مرض کا شکار ہوئے تھے۔
فیصل قریشی نے 13 اگست کی رات دیر گئے انسٹاگرام اسٹوریز میں ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں دوستوں اور ٹی وی شو کی ٹیم کے ہمراہ بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فیصل قریشی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں وہ دوستوں کو 13 دن تک قرنطینہ میں رہنے سے متعلق باتیں بتاتے سنائی دیے۔
اداکار نے دوستوں کو بتایا کہ ان میں کورونا کی بہت زیادہ علامات ظاہر نہیں ہوئیں، تاہم ایک ہی جگہ پر بیٹھے رہنے سے ان کا وزن بڑھ گیا۔
بعد ازاں اداکار نے اپنے ٹی وی شو کے سیٹ پر کھچوائی گئی تصاویر بھی شیئر کیں اور مداحوں کو جشن آزادی کی مبارک باد بھی پیش کی۔
فیصل قریشی کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو کو بعد ازاں ان کے ٹی وی شو کے ارکان نے یوٹیوب پر بھی جاری کیا، جس میں انہوں نے تصدیق کی کہ اداکار کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹی وی شو کے سیٹ پر پہنچے ہیں۔
فیصل قریشی نے انسٹاگرام پر صحت یابی کی تصدیق کرنے کے ساتھ جشن آزادی کے حوالے سے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے قوم کو مبارک باد پیش کی۔
ان سے قبل ماڈل نادیہ حسین، عدنان صدیقی اور اشنا شاہ بھی کورونا سے صحت یاب ہوچکی ہیں۔
نادیہ حسین میں بھی تین اگست کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ بھی 13 اگست کو ہی صحت یاب ہوئیں۔
اشنا شاہ میں بھی اگست کے پہلے ہفتے میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی مگر وہ محآض 9 دن میں ہی صحت یاب ہوگئیں۔
عدنان صدیقی میں گزشتہ ماہ جولائی کے آخر میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ بھی گزشتہ ہفتے ہی صحت یاب ہوئے تھے، ان سمیت کورونا کا شکار ہونے والی تمام شوبز شخصیات نے ویکسنیشن کروا رکھی تھی، تاہم اس کے باوجود وہ مرض کا شکار ہوگئے تھے۔
ان سے قبل مصطفیٰ قریشی، سنبل اقبال اور زرنیش خان بھی کورونا کا شکار ہوئی ہیں اور انہوں نے خود کو گھر تک محدود کر رکھا ہے۔
کورونا کی چوتھی لہر کی طرح تیسری، دوسری اور پہلی لہر میں بھی متعدد شوبز شخصیات کورونا سے متاثر ہوئی تھیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات تین سے چار ہفتوں میں صحت یاب ہوگئی تھیں۔
عام طور پر شوبز شخصیات گھروں میں رہتے ہوئے صحت یاب ہوگئی تھیں لیکن بعض شخصیات کو طبیعت بگڑنے پر کچھ دن کے لیے ہسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں