اسسٹنٹ کمشنر گوادر اور پسنی کا فوری طورپر تبادلہ کیا جائے،نیشنل پارٹی
گوادر:نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ممبر اشرف حسین، ضلعی صدر فیض نگوری،صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر آدم قادربخش نے گوادر میں نیشنل پارٹی کے رہنماوں اور کارکنوں پر لاٹھی چارج اور انہیں زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر گوادر اور پسنی کا فوری طورپر تبادلہ کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو نیشنل پارٹی کے تحصیل گوادر کے صدر ناگمان بلوچ،سابق میونسپل کمیٹی گوادر کے چیئرمین عابد سہرابی،سابق میونسپل کمیٹی جیوانی کے چیئرمین منظور قادر، سابق تحصیل ناظم جیوانی اکرم رمضان۔،بی ایس او پجار گوادر کے صدر کے ڈی بلوچ کے ہمراہ نیشنل پارٹی کے ضلعی دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی پرامن سیاسی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور ہم عدم تشدد کے پیروکار ہیں ہمارا احتجاج چائنیز فشنگ ٹرالرز کی جانب سے صوبائی سمندری کی خلاف ورزی، بین الصوبائی ٹرالرز کی غیر قانونی شکار اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف تھا جو پرامن طور پر جاری تھا جس کا مقصد سلیکیڈ حکومت کے ضمیر کو یہ جھنجوڑنا تھا کہ چائنیز فشنگ ٹرالرز کے صوبائی سمندری حدود کی خلاف ورزی پر جو رپورٹ بنایا گیا ہے وہ ماہی گیروں کے معاشی قتل عام کا واضح پیغام ہے گوادر جو سی پیک کا مرکز ہے یہاں کے باسی بجلی اور پانی کے بحران کا شکار ہیں اور جیونی اور پشکان نگور شریف کے لوگوں کو آنکاڈہ کا مضر صحت پانی فراہم کیا جارہا ہیں انہوں نے کہا کہ اپنے بنیادی حقوق کے لئے آواز اٹھانا کوئی غیر فطری اور خلاف آئین عمل نہیں ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ جس کا کام شہریوں کی داد رسی کے لئے کردار ادا کرنا ہے اور مسائل کا افہام و تفہیم کے ساتھ حل تلاش کرنا ہے اس کے ماتحت افسران اسسٹنٹ کمشنر گوادر اور پسنی لیویز فورس کو لیکر ہمارے کارکنان پر حملہ آور ہوئے اور دانستہ طورپر گوادر شہر کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی اور اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیاجس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بلوچستان کے ساحل پر چائنیز فشنگ اور ہر قسم کی ٹرالرنگ سمیت شہریوں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف تحریک ختم نہیں ہوئی ہے ضلعی انتظامیہ کے افسران نے جو بد سلوکی ہے وہ بھی قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ چائنیز فشنگ ٹرالرز کی شکار کی گئیں مچھلیاں نیلام کئے جائیں۔ گوادر میں بجلی اور پانی کے مسائل حل کئے جائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر اور پسنی کا فوری طورپر تبادلہ کیا جائے۔


