ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر امریکا کی جیل میں حملہ
امریکا میں قید پاکستانی خاتون سائنسدان ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر جیل میں حملہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متاثرہ افراد کو معاونت فراہم کرنے والی برطانوی تنظیم ‘کیج’ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق امریکا کی ریاست ٹیکساس کی جیل میں قید عافیہ صدیقی کے وکلا نے بتایا ہے کہ ایک قیدی کافی عرصے سے عافیہ صدیقی کو مسلسل ہراساں کررہا تھا اور اسی نے ان پر کافی کے کپ میں موجود کھولتی ہوئی چیز ان کے چہرے پر پھینک کر حملہ کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گرم چیز چہرے پر پھینکنے سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی زخمی ہوئیں اور انہیں حملے بعد سیل سے نکالنے کیلئے وہیل چیئر کا استعمال کرنا پڑا ہے۔حملے کے حوالے سے عافیہ صدیقی نے وکیل ماروا ایلبیلی کو بتایا کہ ’اللہ کا شکر ہے کہ حملے کے نتیجے میں میں اندھی نہیں ہوئی۔‘وکیل نے بتایا کہ میں اپنی آخری ملاقات میں ان کے چہرے پر جلنے کے نشانات دیکھ کر حیران ہوگئی تھی اور ان کی بائیں آنکھ کے پاس بھی نشان تھا جبکہ ان کا دائیاں گال بھی ٹوتھ پیسٹ اور کاغذ کے چھوٹے ٹکڑوں سے ڈھکا ہوا تھا۔اس حملے کے بعد عافیہ صدیقی کو غیرمعینہ مدت کیلئے قید تنہائی میں رکھ دیا گیا ہے جہاں ان کی انتظامی نگرانی کی جارہی ہے۔


