ہر فرد کا کردار قوم کی معاشی ترقی کیلئے لازمی ہے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ:گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی پائیدار معاشی ترقی کیلئے لازمی ہے کہ قوم کا ہر فرد ترقی کے عمل میں موثر حصہ لے تاکہ جلد از جلد معاشرے کے تمام لوگوں کیلئے ترقی و خوشحالی کی منازل حاصل ہو سکیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں میر اعظم سمالانی کی قیادت میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی مچھ کے نمائندوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ معاشی آسودگی اور سرخروئی کے حصول کیلئے ترقیاتی اقدامات میں عوام کی اکثریت کی شرکت و شمولیت کو یقینی بنانا اشد ضروری ہے۔گورنر ظہور احمد آغا نے کہا کہ یہ بات ہم سب کیلئے باعثِ اطمینا ن ہے کہ بلوچستان میں حالات سازگار اور امن وامان کی صورتحال میں خاصی بہتری آئی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ہم ان سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کے مفاد میں بروئے کار لانے کیلئے انتھک کاوشیں کریں۔


