عمران خان نے تین سالوں میں پاکستان کو دنیا بھر میں تنہائی کا شکار کردیا، بلاول بھٹو زر داری
اسلام آباد :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ امریکی صدر کی ایک فون کال کیلئے ترستے عمران خان نے تین سالوں میں پاکستان کو دنیا بھر میں تنہائی کا شکار کردیا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تین سالہ حکومتی کارکردگی کے حوالے سے عمران خان کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان کی تین سالہ کارکردگی یہ ہے کہ انہوں نے مہنگائی کو آسمان پر پہنچا کر ہزاروں پاکستانیوں سے روزگار چھین لیا۔ انہوں نے کہاکہ امریکی صدر کی ایک فون کال کیلئے ترستے عمران خان نے تین سالوں میں پاکستان کو دنیا بھر میں تنہائی کا شکار کردیا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی باتیں بڑی بڑی ہوتی ہیں اور کارکردگی صفر۔۔ عوام اب جھانسے میں نہیں آئیں گے، میں سے شروع ہوکر میں پر بات ختم کرنے والے وزیراعظم کو کوئی بتائے کہ پاکستان کی ابتدا اور انتہا ہم عوام ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تین سالوں میں پاکستان میں صرف مافیا کو فائدہ ہوا ہے، آٹا چور اور چینی چور ترقی کرگئے، عوام مہنگی دوا کیلئے قطاروں میں کھڑے ہیں، بازاروں میں مہینے کا راشن خریدتے ہوئے بار بار اپنی جیب کو دیکھنے والا عام آدمی عمران خان کی کارکردگی کو اچھے طریقے سے سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے تین سالوں میں ملک کو تباہی کے اس دہانے پر پہنچادیا ہے کہ بحالی میں شاید ایک دہائی لگ جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی کارکردگی سرکاری افسران کی جھوٹی رپورٹوں سے نہیں بلکہ عوام کے چہرے پر پھیلی مسکراہٹ سے سامنے آتی ہے، عمران خان کے مشیروں نے ڈھونڈ ڈھونڈ کر جو حکومتی کارکرگی تلاش کی ہے، عوام کو دوربین لگا کر بھی نظر نہیں آرہی، وزیراعظم کو خود معلوم ہے کہ وہ ملک کو انتظامی لحاظ سے تباہ کرچکے ہیں مگر اپنی ضد اور انا کی وجہ سے وہ اقتدار چھوڑنے کو تیار نہیں


