امن واستحکام کی مخالف اندونی و بیرونی قوتوں کے عزائم ناکام بنادینگے، کور کمانڈر کانفرنس
راولپنڈی:پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس میں خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور افغانستان کی صورت حال کے تناظر میں موثر سرحدی انتظامات کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ خطے میں بحرانی صورت حال کے باوجود پاکستانی سرحدوں پر صورت حال قابو میں ہے۔افواج پاکستان کے ترجمان کے مطابق 243 ویں کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو میں ہوئی جس میں تمام کور کمانڈرز اور پرنسپل سٹاف افسران نے شرکت کی۔ کانفرنس میں موثر بارڈر مینجمنٹ اور سرحدوں کو محفوظ بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ آرمی چیف نے افغانستان سے ملکی اور غیر ملکیوں کے انخلاء اور سکیورٹی پر پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔ پاکستان کے امن کیلئے پختہ عزم کو دہراتے ہوئے، آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن واستحکام کیلئے عالمی برادری کی جانب سے تعمیری بات چیت اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر جامع تعاون اشد ضروری ہے۔کورکمانڈرز نے کہا کہ خوشحال و پرامن خطے کیلئے خطے کے تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ کور کمانڈرز نے ممتاز کشمیری حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے طویل جدوجہد اور قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سید علی گیلانی معروف کشمیری اور تحریک آزادی کے عظیم راہنما تھے۔ اجلاس میں کور کمانڈرز نے مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جو کہ مسلسل بھارتی ریاستی جبر اور تشدد کا مقابلہ کر رہے ہیں آرمی چیف نے محرم الحرام کے پرامن طور پر گزرنے اور فول پروف انتظامات پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور ہدایات جاری کیں کہ روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لئے مکمل تیاری کی حالت میں رہا جائے۔ آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں امن اور استحکام کی مخالف اندرونی و بیرونی قوتوں کے تمام عزائم ہر صورت میں ناکام بنا دیئے جائیں گے۔


